بھٹکل 28؍مارچ (ایس او نیوز)بھٹکل تعلقہ کے شیرالی میں رکشہ ڈرائیورس ومالکان کی یونین، لگیج رکشہ ڈرائیورس ومالکان کی یونین اور کار ڈرائیورس ومالکان کی یونین نے شیرالی میں نیشنل ہائی وے کو 30میٹر تک ہی محدود رکھنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یہاں پر روڈ کو کم از کم 45میٹر تک وسیع کیا جائے۔
احتجاجیوں نے گرام پنچایت کے روبرو مظاہرہ کیا اور انچارج تحصیلدارسنتوش بھنڈاری کو میمورنڈم پیش کیا۔جس میں کہا گیا ہے کہ ہائی وے کی توسیع کو 30 میٹر تک محدود رکھتے ہوئے تعمیراتی کام شروع کیا گیا تو دو پہیہ گاڑی سواروں کے لئے سڑک پر کوئی گنجائش ہی نہیں رہے گی۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے بھی کوئی جگہ میسر نہیں ہوگی۔احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ وہ لوگ گاڑیاں چلاکر اپنااورگھر والوں کا پیٹ پالتے ہیں۔لیکن اب نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے فیصلے سے ہماری روزی روٹی کا مسئلہ کھڑا ہوگیا ہے۔
میمورنڈم میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ اس علاقے میں بہ آسانی آمد ورفت کے لئے سروس روڈ بنانا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ الوے کوڑی اور چتراپور کو جوڑنے والے علاقے میں انڈر پاس بنوانا ہوگا۔ اگر ان مطالبات پر ہمدردانہ غور نہیں کیا گیا تو پھر اس کے خلاف زبردست احتجاج کا راستہ اپنایا جائے گا۔
اس موقع پر رکشہ یونین کے ذمہ دار دیا نائک، سبھاش موگیر،گنیش دیواڈیگا وغیرہ موجود تھے۔